اسلام آباد(نیٹ نیوز) گورنر سٹیٹ بینک رضا باقرکو ملنے والی تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔یہ تفصیلات سینیٹر عرفان صدیقی کے سوال پر فراہم کی گئیں۔وزارت خزانہ کی جانب سے دی جانے والی تفصیلات کے مطابق گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کو ماہانہ 25 لاکھ روپے تنخواہ مل رہی ہے اوراس میں سالانہ 10 فیصد اضافہ ہوتا ہے ۔گورنر سٹیٹ بینک کو فرنشڈ گھر یا اس کے برابر کرایہ اور مرمتی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، ان کے پاس ڈرائیور سمیت دو گاڑیاں ہیں جبکہ 600 لٹرپیٹرول دیا جاتا ہے ۔ ان کو بجلی، گیس، پانی اور جنریٹر کے اخراجات فراہم کئے جاتے ہیں اور ان کے بچوں کی 75 فیصد فیس ادا کی جاتی ہے ،گورنر سٹیٹ بینک کو مفت لینڈ لائن، موبائل فونز اور انٹرنیٹ کی سہولت حاصل ہے ۔وہ4 ملازمین رکھ سکتے ہیں اور ہر ملازم کی تنخواہ 18 ہزار روپے ماہانہ ہے ، گورنر کو 24 گھنٹے سکیورٹی اورمکمل علاج کی سہولت حاصل ہے ۔رضا باقر کو ہر ماہ تین دن چھٹی کی سہولت حاصل ہے ، ان کی گریجویٹی ایک ماہ کی تنخواہ سالانہ ہے ، ان کو ٹرانسفر کے لیے خاندان سمیت ائیر ٹکٹ اور سامان منتقلی کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جبکہ کلب کے ماہانہ چارجز کی بھی سہولت حاصل ہے ۔