مکرمی! تعلیم حاصل کرنا ہر شہر ی کے بنیادی حقوق میں شامل ہے۔ دورِ جدید میں غریب والدین کے پاس اولاد کو خود کفیل بنانے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے یونیورسٹیوں کی فیسز میں اضافہ کیا گیا ہے جو غریب طالب علم کی پہنچ سے کوسوں دور ہے۔ پبلک سیکٹر کی یونیورسٹی کی فیسز پرائیویٹ جتنی ہی ہوچکی ہیں۔ پہلے صوبائی سطح پر مختلف درجے کے کچھ وظائف وغیرہ مل جاتے تھے جس سے غریب طالب علموں کی تعلیمی پہیہ چلتا رہتا مگر سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں سکالرشپ میں بھی رواں سال کمی دیکھی گئی ہے۔ اب فیسز کے بڑھنے سے بہت سے طالب علم یونیورسٹی چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ حکومت وقت سے گزارش ہے کہ وہ یونیورسٹی کی فیس شیڈول کی باقاعدہ مونیٹرنگ کرے اور پبلک یونیورسٹی میں فیسز کم کرنے کیلئے مناسب اقدامات کریں تاکہ غریب طالب علموں کو ریلیف دیا جائے اور وہ تعلیم سے محروم نہ رہیں۔(ملک نعمان حیدر حامی ، بھکر)