اسلام آباد،لاہور( 92 نیوز رپورٹ، خبر نگار، سٹاف رپورٹر،این این آئی )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے سرپرائز سے پہلے ہم ان کو سرپرائز دیں گے ، عمران خان سے بات کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان اب اقتدار کے بغیر ایک منٹ بھی نہیں رہ سکتے ، پونے چار سال میں عمران خان نے انتہائی متکبرانہ انداز اپنایا، وہ سمجھتے ہیں کہ ان کو اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کی ضرورت نہیں، اب ان کی دم پر پاوں رکھا گیا تو لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔سپیکر کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ جو قانون شکنی وہ کرچکے ، اس پر آرٹیکل 6 لگے گا،، عمران خان کے ذہن کا مرض بڑھتا جارہا ہے اس کو مزید بڑھائیں گے ، آنے والے دنوں میں مزید سرپرائز دیں گے ،عمران خان نے اقتدار کے لیے گھٹنوں کو ہاتھ لگائے ، عمران خان کی پالیسی ہے کہ نہ رہے بانس نہ بجے بانسری، چاہتے ہیں کہ ان کے پاس اقتدار نہ رہے تو کسی کو نہ ملے ، وہ چاہتے ہیں کہ غیرآئینی اقدام ہوجائے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بنی گالا میں جادو ٹونے کے لیے مرغیوں کا منوں گوشت جلایا جاتا ہے ، قومی اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر کو کہیں گے فاتحہ خوانی کریں پھر انہیں آگے کی کارروائی کے آغاز کا کہیں گے ۔ شاہد خاقان عباسی نے بیان میں کہا کہ عمران خان اپنی جماعت کی سیاسی سرگرمیوں کے لئے سرکاری عہدہ اور وسائل استعمال کررہے ہیں ، تحریک عدم اعتماد اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا نتیجہ بھگتیں گے ،انکے ترپ کے پتے کا حال بھی ٹرمپ جیسا ہوگا۔ مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اکثریت کھو بیٹھے ،حق اور سچ کے لیکچر دینے کے بجائے پارلیمان کے اندر ووٹنگ کراؤ۔راناثناء اللہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ آرٹیکل63اے کی تشریح میٹرک پاس بھی کرسکتا ہے ، تحریک کے بعد حکومت کے سیاہ کارنامے سامنے آئیں گے ۔مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان اگر تم فکر کرتے آلو اور پیاز کی تو راجہ ریاض نہیں جاتا ،عمران خان ملا کی نوکری شروع کرنے والے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہاکہ وزیراعلی ہائوس کا ریکارڈ پنجاب کے عوام کی امانت ہے ، 6 ٹرکوں میں سامان نامعلوم مقام پر شفٹ کرایا گیا ،حساب دینا پڑیگا۔