اسلام آباد، لاہور ، راولپنڈی،کراچی(سپیشل رپورٹر،کامرس رپورٹر ، سٹاف رپورٹر ،رپورٹر92نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر پر پارٹی رد عمل جاری کرتے ہوئے کہابھکاری قوم کی قیادت کر سکتے ہیں نہ قوم انہیں اپنا لیڈرسمجھتی ہے ،قوم جانتی ہے بے ضمیر کٹھ پتلیوں نے بیرونی سازش کے ذریعے اقتدار کا راستہ بنایا،عمران خان پاکستان کی خود مختاری کیلئے کھڑے ہوئے ، بیرونی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت کو مسلط کیا گیا،پاکستان کی تباہی کے ذمہ دار اس کی تعمیر کی باتیں کر رہے ہیں ۔ تحریک انصاف کے رہنما حسان خاور نے کہا پرانے پاکستان میں نئی ریت پڑ چکی ہے ، ملک کا وزیر داخلہ میڈیا پر آکر کھلم کھلا دھمکیاں لگا رہا ہے ،کوئی ادارہ آئین سے بالا تر نہیں ہوسکتا، ملک میں فوری شفاف انتخابات کرائے جائیں ۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا رانا ثنا اللہ کو جو کرنا ہے کرلیں،ہمارا کوئی خون ریزی کا ارادہ نہیں ، مارچ میں رکاوٹ ڈالی گئی تو نمٹیں گے ،تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرخرم شیرزمان نے کہاسندھ میں چار سال سے لوٹ مار کا بازار سرگرم ہے ،زرداری نے سندھ کو مکمل تباہ کردیا ۔ادھر عمران خان کی کال پر راولپنڈی شہر و چھائونی سے حقیقی آزادی مارچ ریلیاں نکالی گئیں، لیاقت باغ سے مرکزی ریلی فیض آبادتک گئی ،بعدازاں وہاں سے پی ٹی آئی کے آرگنائزر سیف اللہ نیازی ،صداقت علی عباسی، عامر کیانی،غلام سرور کی قیادت میں دوبارہ مری روڈ کے راستے لیاقت باغ چوک پہنچی، مرکزی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاہمیں سلیکٹڈ کہنے والے آج خود سلیکٹڈ ہوگئے ،عوام یہ مطالبہ کررہے ہیں فوری انتخابات کرائے جائیں۔