اسلام آباد(خبر نگار)عدالت عظمیٰ نے خیبر پختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں چیئرمین کی نشست پر دوبارہ پولنگ کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست مسترد کردی ہے ۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ری پولنگ کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے انتخابات سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لیے الیکشن کمیشن کو رولز بنانے اور شائع کرنے کی ہدایت کی۔عدالت نے قرار دیا کہ کئی سال بعد بھی رولز نہ بننا الیکشن کمیشن کی واضح ناکامی ہے ، الیکشن کمیشن قانون کے مطابق اپنے رولز کو جلد از جلد بنا کر شائع کرے ، الیکشن کمیشن کے پاس پولنگ اور نتائج میں مداخلت کے وسیع اختیارات ہیں، اختیارات کا استعمال کرتے وقت الیکشن کمیشن کے پاس ٹھوس مواد ہونا چاہیے ۔سپریم کورٹ نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو ) کو بجلی صارفین سے فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج وصول کرنے سے روکنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختونخوا کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔خاتون سے زیادتی کے ملزم کی ضمانت سپریم کورٹ سے منسوخ ہونے پر اس کو احاطہ عدالت کے باہر سے حراست میں لے لیا گیا ۔ ملزم فرحان کو خاتون کے ساتھ زیادتی کے الزام میں پولیس نے گرفتار کیا تھا لیکن ہائی کورٹ نے ملزم کو ضمانت پر رہا کیا تھا۔ عدالت نے اپیل منظور کرکے ضمانت منسوخ کردی اور قرار دیا کہ کہ ملزم اور تفتیشی افسر نے مل کر تمام شواہد ضائع کر دیے ۔تحریری آرڈر میں کہا گیا کہ متاثرہ لڑکی کا پندرہ روز تک میڈیکل ہوا اور نہ ہی بیان ریکارڈ کیا گیا، ہائیکورٹ کا تمام حقائق کی موجودگی میں ملزم فرحان کو ضمانت دینا حیران کن ہے ۔سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے موخر بارے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کردی ۔