اسلام آباد،پشاور (خبرنگار،این این آئی)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے پشاور پولیس ہسپتال سے کورونامیں مبتلا 24مسافروں کے لاپتہ ہونے کی تحقیقات شروع کردیں، تمام مسافر نجی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے شارجہ سے پشاور پہنچے تھے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور ائیر پورٹ سے 24مسافروں کوقرنطینہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر سکریننگ اور ٹیسٹنگ کے دوران2مسافروں کے ٹیسٹ مثبت رپورٹ ہوئے جس پر دونوں افراد نے جھگڑا شروع کردیا اور بتایا کہ دونوں کے جہاز پر سوار ہونے سے قبل کے ٹیسٹ منفی تھے لیکن پرواز کے چند گھنٹے کے بعد پشاور میں کئے گئے ٹیسٹ میں وہ مثبت رپورٹ کئے گئے ، اس معاملہ پر ریسکیو اہلکاروں کیساتھ تکرار کے بعد دونوں مسافر ہسپتال سے بھاگ گئے جبکہ دیگر کوپولیس ہسپتال کے عملے نے مبینہ طور پرچھوڑ دیا۔ این سی اوسی نے تمام مسافروں کو ہر صورت ڈھونڈ کر واپس ہسپتال پہنچانے کے احکامات جاری کردیئے جبکہ رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا۔ایم ایس پولیس ہسپتال ڈاکٹر نیاز محمد نے تصدیق کی کہ انتظامیہ جھگڑنیوالے 2افراد سمیت 21 مسافروں کو فوری طورپرواپس ہسپتال لے آئی ہے ، تاہم 3مسافر اب بھی لاپتہ ہیں۔