لاہور،اسلام آباد،حیدرآباد،پشاور(جنرل رپورٹر، خبر نگار خصوصی،خبرنگار،92 نیوز رپورٹ، صباح نیوز ) ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی کے واربدستور جاری ہیں ۔پنجاب بھر میں ڈینگی کے مزید 325 مصدقہ مریض رپورٹ ہوئے جبکہ مزید3 افرادجاں بحق ہو گئے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 15 ہو گئی،صوبہ میں ڈینگی کا پھیلاؤ تشویشناک ہو گیا۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب عمران سکندر بلوچ کے مطابق گزشتہ روز ڈینگی کے لاہور سے 229، راولپنڈی سے 56،ملتان سے 6 ، حافظ آباد سے 5، اٹک اور گجرات سے 4چار، ننکانہ صاحب سے 3،چکوال، جھنگ، اوکاڑہ، رحیم یارخان، سرگودھا اور شیخوپورہ سے 2دو مریض رپورٹ ہوئے ۔ رواں سال پنجاب بھر سے ابتک ڈینگی کے 4876جبکہ لاہور سے 3666کنفرم کیس سامنے آچکے ۔صوبہ کے ہسپتالوں میں1303ڈینگی مریض زیرعلاج ہیں جبکہ لاہور کے ہسپتالوں میں658ڈینگی مریض داخل ہیں۔لاہور کے 7 بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں کے وارڈ ڈینگی مریضوں سے بھر گئے ۔ چلڈرن ہسپتال میں ڈینگی وائرس میں مبتلا 14بچے زیرعلاج ہیں۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میاں منشی اور لاہور جنرل ہسپتال میں نئے ڈینگی مریضوں کیلئے کوئی جگہ نہیں بچی۔جناح ہسپتال اور میو ہسپتال کے ڈینگی وارڈز میں بھی گنجائش ختم ہو گئی۔سر گنگا رام ہسپتال ، سروسز ہسپتال اور سید میٹھا ہسپتال کے بھی 100 فیصد بستر بھر گئے ۔ گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں2376مقامات اورلاہور کے 1416مقامات سے ڈینگی مچھر کا لاروا تلف کیا ۔اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی مچھرکے وار تیزہوگئے ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید61شہری ڈینگی سے متاثر ہوگئے اور اس وقت1403افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہیں، ابتک ڈینگی وائرس 5زندگیاں نگل چکا ہے ۔ڈی ایچ او راولپنڈی کے مطابق شہرمیں 122 ڈینگی مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے ، ابتک ڈینگی سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے ۔حیدرآبادکے سول ہسپتال میں ڈینگی کاایک مریض دم توڑ گیاجبکہ زیرعلاج ڈینگی مریضوں کی تعداد21ہوگئی۔ادھر خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مزید179مریض سامنے آگئے ۔