لاہور،اسلام آباد ،پشاور (سٹاف رپورٹر ،نامہ نگارخصوصی ، 92 نیوزرپورٹ ، نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں سانحہ اے پی سی ایس کے شہدا کی ساتویں برسی منائی گئی ،کئی شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 16دسمبرکا دن پوری قوم کو کربناک سانحے کی یاد دلاتا ہے ، وقت نے ثابت کیا آرمی پبلک سکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ اے پی سی کی مناسبت سے ملک بھر کی مساجد میں شہداء کیلئے قرآن ، فاتحہ خوانی اور دہشتگردی سے مکمل نجات کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، تعلیمی اداروں میں بھی شہداء کے لئے فاتحہ خوانی اور خاموشی اختیار کی گئی ، مختلف سیاسی ،سماجی تنظیموں کے زیر اہتما م تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں شہداء کوخراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ اور پیغام میں کہا کہ 16دسمبرکا دن پوری قوم کو کربناک سانحے کی یاد دلاتا ہے ، غازیوں اورشہیدبچوں کے والدین کو مایوس نہیں کرینگے ، تشدد اور اسے بطورہتھیار برتنے والوں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ،پاکستان نے کامیابی سے دہشت گردی کو شکست دی ہے ۔ پشاور میں بھی غیر سرکاری تنظیمو ں ، تعلیمی اداروں اورآرمی پبلک سکول ورسک روڈ میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور مشعل بردار ریلی نکالی گئی، سرکاری طور پر کسی تقریب کا انعقاد نہیں کیا گیا، سول سائٹی نے دھر نا دیا اور مشعل بردار جلوس نکالا ۔ آرمی پبلک سکول ورسک روڈ میں منعقدہ تقریب میں شہید بچوں کے والدین نے شرکت کی اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔ لاہورہائی کورٹ بار کی جانب سے سانحہ آرمی پبلک سکول اور سقوط ڈھاکہ کے عنوان سے جنرل ہائو س کااجلاس منعقد ہوا، لیگی رہنما رانا مشہود نے خطاب کرتے کہا کہ ماضی کو بھلانے سے سانحہ آرمی پبلک سکول جیسے واقعات سامنے آتے ہیں ،آج ہماری حکومت کہتی ہے کہ ان کے ساتھ مذاکرات کریں جنہوں نے معصوم جانیں لیں ۔ سیکرٹری ہائی کورٹ بار خواجہ محسن عباس نے کہاکہ آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے سیاہ ترین دن ہے ۔ جامع مسجد رحمۃللعالمین میں قرآن ،فاتحہ خوانی کے بعد خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک لبیک پا کستان حافظ سعد رضوی نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں شہید اور زخمی بچوں نے دہشت گردوں اور اِن کے نظریات کو اُن کے منہ پہ دے مارا، سانحہ اے پی ایس کبھی نہ بھرنے والے زخم دے گیا ، اِن درندہ صفت انسانوں کی کبھی حمایت نہیں کی جاسکتی۔ سنی تحریک کے مرکزی رہنمامحمد شاداب رضا نقشبندی کی ہدایت پر پنجاب بھر میں شہدا کے حق میں مظاہرے کئے گئے اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا، لاہو ر میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔