اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید9افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد28414ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 49486کورونا ٹیسٹ کئے گئے ،ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.42فیصد رہی،706نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 23439ہو گئے ۔ملک میں ابتک کورونا ویکسین کی 102067945خوراکیں لگائی جاچکی ہیں،گزشتہ24گھنٹوں میں 603182خوراکیں لگائی گئیں جبکہ ابتک 39303110افراد کی کورونا ویکسی نیشن مکمل ہوچکی۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 203نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 7983ہو گئے جبکہ 2 مریضوں کی جان چلی گئی۔لاہور میں94، فیصل آباد 25،ملتان 18، راولپنڈی13، اور شیخوپورہ میں3کیس رپورٹ ہوئے ۔ لاہور میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 3.6 فیصد رہی ۔ادھرچیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں صوبائی سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ہواجس میں بتایا کہ صوبہ سندھ میں 24 فیصد افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہوچکی۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو ویکسی نیشن کا پابند کیا جائے ۔سندھ بھر میں اب گھر گھرکورونا ویکسی نیشن مہم شروع کی اور ٹارگٹ ہر صورت پورا کیا جائے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں49لاکھ93ہزار سے زائد ہو گئیں۔ لاہور(قاضی ندیم اقبال) صوبائی حکومت کی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ اوقاف پنجاب نے اپنے دفاتر میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری اوقاف نبیل جاوید کی پیشگی منظوری کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن (ایڈمن۔اول) نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ داتا دربار ہسپتال ، صوبہ بھر میں تعینات زونل ایڈمنسٹریٹرز اور منیجرز اوقاف کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں قرار دیا گیا کہ پنجاب حکومت عوام الناس کو کورونا وباسے بچانے کیلئے حفاظتی انتظامات کر اور شہریوں کو ویکسین لگا رہی ہے ۔اوقاف دفاترکے داخلی راستوں پر ہر سائل کا کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دیکھا جائے ، اسکی پڑتال کی جائے اور عوامی فلاح کے پیش نظر صرف کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے حامل سائلین کو داخلہ کی اجازت دی جائے ۔ مذکورہ احکامات پرفوری عملدرآمد شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ۔